راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے جدید ٹیکنالوجی نے جنگوں کی ہیئت تبدیل کر دی، جدید ٹیکنالوجی اختیار کرنیوالی قوموں کی جنگی صلاحیتیں بہتر ہوگئیں، ہمارے خلاف ایک اور غیر اعلانیہ جنگ شروع کی جا چکی ہے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیول اکیڈمی کراچی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا نئے خطرات اپنے ہی لوگوں کی صورت میں سامنے آ رہے ہیں، دہشت گردی کے بعد ہمیں رجعت پسندی کا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا ہم نے مشرقی و مغربی سرحدوں پر بہت سے تنازعات دیکھے، جنگیں عوام کیلئے موت، تباہی اور مصائب لاتی ہیں، تمام مسائل بات چیت کے ذریعے ہی حل ہوتے ہیں۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا افغانستان میں امن لانے کیلئے کوشش کر رہے ہیں، بھارت کی جانب امن اور دوستی کا ہاتھ بڑھایا، امن سب کے مفاد میں ہے، وقت آگیا ہے بھوک، بیماری اور جہالت کیخلاف لڑا جائے۔