وزیراعلیٰ سندھ کی آج نیب پیشی، کوئی نوٹس نہیں ملا: مراد علی شاہ

Last Updated On 04 January,2019 12:48 pm

کراچی: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو کا بڑے عہدے والوں پر ہاتھ ڈالنے کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو اراضی سکینڈل میں آج بلایا گیا ہے۔ ادھر وزیراعلیٰ ہاؤس کا کہنا ہے نیب کی جانب سے پیش ہونےکا کوئی نوٹس ہی نہیں ملا۔ سابق وزیراعلیٰ قائم علی شاہ کو بھی حاضری کا حکم دیا گیا ہے۔

بڑے مقدمات میں بڑے نام سامنے آ گئے، نیب نے پنجاب کے بعد سندھ کا رخ کر لیا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی آج طلبی ہے اور سابق وزیراعلیٰ قائم علی شاہ کو دوسری حاضری کا بلاوا ہے۔

ذرائع کے مطابق نیب کراچی نے وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کو ملیر ندی اراضی کیس میں طلب کر رکھا ہے تاہم وزیراعلیٰ ہاؤس سندھ کا کہنا ہے کہ انہیں نیب میں پیش ہونے کا کوئی نوٹس ہی موصول نہیں ہوا۔ ادھر سابق وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ کو بھی اراضی سکینڈل میں دوبارہ پیش ہونے کے لئے کہا گیا ہے۔