نیب اجلاس:شاہد خاقان عباسی کیخلاف انکوائری شروع کرنیکی منظوری

Last Updated On 02 January,2019 09:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان کیخلاف ایم ڈی پی ایس او کی تقرری کے معاملے پر انوسٹی گیشن اور مختلف معاملات پر 20 انکوائریز شروع کرنے کی منظوری دیدی۔

چیئرمین قومی احتساب بیورو جاوید اقبال کے زیر صدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں سابق وزیر پٹرولیم شاہد خاقان کے خلاف انوسٹی گیشن اور مختلف معاملات پر 20 انکوائریز شروع کرنے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں سندھ کے سابق وزرا سہیل انور سیال، جام خان شورو، سندھ کے سابق وزیر زاہد بھرگری اور سابق اٹارنی جنرل ملک قیوم کیخلاف بھی انکوائری کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں خلاف قانون بھرتیوں پر پی آئی اے کی انتظامیہ کیخلاف بھی انکوائری کی منظوری دی گئی۔ بورڈ نے پرنسپل گرلز کیڈٹ کالج مردان کی تعیاتی کی تحقیقات چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو بھیجنے اور منشا گروپ کے خلاف شکایت کی جانچ پڑتال کی منظوری دی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب جاوید اقبال نے کہا کہ نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان ہے، بد عنوانی کے خاتمے کیلئے احتساب سب کے لیے کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہیں، نیب بدعنوانی کے خاتمے کو اپنی قومی ذمہ داری سمجھتا ہے، میگا کرپشن کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔