کراچی: (دنیا نیوز) پاک سرزمین پارٹی کے دفتر پر مسلح دہشتگردوں کے حملہ کے نتیجے میں دو افراد کے قتل کا مقدمہ بانی ایم کیو ایم سمیت گیارہ ملزمان کیخلاف رضویہ تھانے میں درج کر لیا گیا۔
رضویہ سوسائٹی میں پی ایس پی کے دو کارکنان کے قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ زخمی کارکن فہد کی مدعیت میں درج ہونے والے مقدمے میں بانی ایم کیو ایم، متحدہ لندن کے ندیم احسان، سفیان یوسف، قاسم علی رضا سمیت گیارہ ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں کہا گیا کہ پاک سرزمین پارٹی کے دفتر پر حملہ بانی ایم کیو ایم کے احکامات پر کیا گیا، مقدمے میں دہشتگردی، قتل، اقدام قتل اور دیگر دفعات شامل ہیں۔ مدعی مقدمہ کے مطابق ایم کیو ایم لندن ساؤتھ افریقہ اور انڈین سیٹ اپ کے دہشتگردوں کی جانب سے پی ایس پی کارکنان کو دھمکیاں مل رہی تھیں۔
چھ مسلح افراد ٹاون آفس پہنچے جبکہ تین ملزمان نے دفتر میں داخل ہو کر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں محمد اظہر اور محمد نعیم جاں بحق ہوئے۔