لندن: (دنیا نیوز) پاک سرزمین پارٹی کے رہنماؤں کی سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے الگ الگ ملاقاتیں، انیس ایڈووکیٹ نے ملاقات کا اعتراف کر لیا، کہتے ہیں پینتیس سال اکٹھے کام کیا، اختلافات دور کرنے کے لیے ملاقات کی۔
سندھ کی سیاست میں ہلچل، سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد پھر خبروں میں آگئے۔ دبئی اور لندن میں پاک سرزمین پارٹی کے رہنما انیس ایڈووکیٹ اور رضا ہارون کی عشرت العباد سے الگ الگ ملاقاتیں، ذرائع کے مطابق ملاقاتوں میں دونوں رہنماؤں سے سندھ کی سیاست پر بات چیت ہوئی۔
ایم کیو ایم کے ہم خیال رہنماؤں سے بھی رابطہ کرنے پر اتفاق ہوا، انیس ایڈووکیٹ نے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عشرت العباد کے ساتھ دیرینہ تعلق ہے، ملاقات کا مقصد آپسی اختلافات دور کرنا تھا، ڈاکٹر عشرت العباد سے ملاقات پارٹی قیادت کو اعتماد میں لے کر کی۔