16دسمبر واقعے نے قوم میں دہشتگردی کیخلاف وحدت کو جنم دیا: وزیراعظم

Last Updated On 16 December,2018 07:34 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے سانحہ اے پی ایس کی چوتھی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 16 دسمبر ہمیں تاریخ کے سیاہ دن کی یاد دلاتا ہے جب دہشتگردوں نے انسانیت کو بالائے طاق رکھ کر بچوں کونشانہ بنایا اور پوری قوم کو غم میں مبتلا کر دیا تاہم اس واقعے نے قوم میں دہشتگردی کیخلاف وحدت کو جنم دیا اور افواج پاکستان نے قوم کی حمایت سے دہشتگردوں کو شکست دے کر انجام تک پہنچا دیا۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ آج کےدن شہیدوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، سانحہ اے پی ایس پشاور میں بچھڑ جانیوالوں کی یاد ہمیشہ موجود رہے گی، معصوم جانوں نے لہو کا نذرانہ دیکر قوم کو سفاک دشمن کے خلاف متحد کیا، دنیا کی اس جنگ میں ہماری افواج اورنہتے شہریوں نے بھاری قیمت اداکی۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو فرقہ واریت، لسانیت اور رنگ ونسل سے پاک معاشرہ بنائیں گے، انتہا پسندی اور تشدد کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، بحیثیت قوم ملکی وعالمی امن کیلئے پرعزم ہیں، تعلیم سے ہی انتہاپسندی اوردہشتگردی کومستقل طور پر مات دے سکتے ہیں۔