فواد حسن فواد نیب کے ساتھ پلی بارگین کے لیے تیار

Last Updated On 14 December,2018 11:14 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد نیب کیساتھ پلی بارگین پر آمادہ ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق ان کے اہل خانہ نے اس سلسلے میں نیب سے رابطہ کیا ہے۔ فواد حسن فواد تقریباً ایک ارب روپے کے اثاثوں سے متعلق نیب کو کوئی تفصیلات پیش نہیں کر سکے تھے۔

ذرائع کے مطابق فواد حسن فواد تقریباً 100 کروڑ روپے کے اثاثوں سے متعلق نیب کو مطمئن نہ کر سکے۔ ایک سرکاری ملازم ہوتے ہوئے انہوں نے یہ اثاثے کن ذرائع سے بنائے، فواد حسن فواد نے نیب کو کوئی ثبوت پیش نہیں کیے۔

اب ان کے اہل خانہ نے نیب سے رابطہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں بتایا جائے کہ پلی بارگین کن شرائط پر ہو سکتی ہے اور کتنی رقم ادا کرنا ہو گی۔ نیب معلوم ذرائع آمدن سے مطابقت نہ رکھنے والے اثاثوں کی مالیت کو مدنظر رکھتے ہوئے لی بارگین کی رقم کا تعین کرتا ہے اور اس کی منظوری نیب ایگزیکٹو بورڈ سے لی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ فواد حسن فواد سابق وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ کام کرنے والے سب سے طاقتور بیوروکریٹ سمجھے جاتے تھے۔ قومی احتساب بیورو نے فواد حسن فواد کو 5 جولائی 2018ء کو آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل میں گرفتار کیا تھا، اس وقت وہ جوڈیشل ریمانڈ پر حوالات میں ہیں۔