آصف زرداری اور بلاول کی نیب میں طلبی، پارٹی کا اہم اجلاس طلب

Last Updated On 12 December,2018 03:15 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی نے بلاول بھٹو زرداری اور آصف زرداری کی نیب میں طلبی کے معاملہ پر پارٹی کی اعلیٰ قیادت کا اجلاس آج کراچی میں طلب کر لیا۔ اجلاس میں موجوہ سیاسی صورتحال اور نیب نوٹسز پر حکمت عملی مرتب کی جائے گی، ادھر ن لیگ نے بھی اسلام آباد میں اجلاس بلا لیا۔

آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کے زیر صدارت اجلاس بلاول ہاؤس میں شام چار بجے ہوگا۔ پیپلز پارٹی کے قانونی ماہرین مقدمات پر بریفنگ دیں گے۔ سینئر رہنما سر جوڑ کر بیٹھیں گے اور سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کو نیب نوٹسز کے معاملہ پر غور کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت مخالفین کو احتساب کی آڑ میں انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے، زرداری

ذرائع کے مطابق ان نوٹسز کو قانونی اور سیاسی محاذ پر مقابلہ کس طرح کرنا ہے؟ پیپلز پارٹی قیادت اس پر اپنی حکمت عملی مرتب کرے گی۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن نے بھی نیب کی کارروائیوں کو انتقامی قرار دیتے ہوئے پارلیمانی پارٹی اجلاس دن ڈیڑھ بجے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں طلب کر لیا ہے۔

اجلاس میں خواجہ برادران کی گرفتاری، حمزہ شہباز کا نام بلیک لسٹ میں ڈالنے اور مریم اورنگزیب کے خلاف نیب تحقیقات کے معاملے پر غور کیا جائے گا۔