شہباز شریف کے راہداری ریمانڈ میں قومی اسمبلی سیشن ختم ہونے تک توسیع

Last Updated On 12 December,2018 03:50 pm

لاہور: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی کا سیشن ختم ہونے تک شہباز شریف کے راہداری ریمانڈ میں توسیع کر دی گئی۔ احتساب عدالت نے حکم دیا کہ اپوزیشن لیڈر کو واپس لاتے ہی آگاہ کیا جائے۔

 لاہور کی احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے ڈپٹی سپریٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں بتایا گیا کہ شہباز شریف قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے اسلام آباد میں ہیں، انہیں ریمانڈ ختم ہونے پر پیش نہیں کیا جاسکتا، لہذا شہباز شریف کے راہداری ریمانڈ میں توسیع کی جائے۔

احتساب عدالت نے ڈپٹی سپریٹنڈنٹ جیل کی درخواست منظور کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اسمبلی کے اجلاس کے اختتام تک شہباز شریف راہداری ریمانڈ پر رہیں گے۔ عدالت نے جیل حکام کوحکم دیا کہ شہباز شریف کے لاہور واپس آنے پر عدالت کو آگاہ کریں جس کے بعد انہیں عدالت میں پیش کیا جائے۔

عدالت نے آشیانہ اقبال سکینڈل میں شہباز شریف کو 13 دسمبر تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوایا تھا جس کے بعد قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے راہداری ریمانڈ لیا گیا تھا۔