آف شور کمپنی کیس: زلفی بخاری کی نیب دفتر پیشی، ایک گھنٹہ پوچھ گچھ

Last Updated On 07 December,2018 06:08 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) وزیراعظم کےمعاون خصوصی زلفی بخاری آج نیب آفس پیش ہوئے جہاں انھوں نے تفتیشی ٹیم کو اپنا بیان ریکارڈ کرایا، نیب ٹیم نے زلفی بخاری سے ایک گھنٹہ تک تفتیش کی۔ معاون خصوصی نے مستعفی نیب پراسیکیوٹر کو نہ جاننے کا دعویٰ بھی کر دیا.

نیب نے زلفی بخاری کو آج راولپنڈی آفس میں طلب کر رکھا تھا جہاں ان کے خلاف آف شورکمپنیوں کی تحقیقات ہو رہی ہیں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے نیب آفس پیش ہو کر اپنا بیان ریکارڈ کروایا اور مختلف سوالات کے جوابات دیئے۔ نیب ٹیم نے زلفی بخاری سے ایک گھنٹہ پوچھ گچھ کی جس کے بعد وہ واپس روانہ ہو گئے۔

زلفی بخاری نے پارلیمنٹ ہاوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کو استعفے کی کوئی پیش کش نہیں کی، اعظم سواتی اور میرے کیس میں بہت فرق ہے، میرے خلاف کسی جے آئی ٹی نے کچھ حاصل نہیں کیا۔ معاون وزیراعظم نے مستعفی نیب پراسیکیوٹر کو نہ جاننے کا دعوی بھی کر دیا۔