اسد عمر نے وزارت خزانہ کا قلمدان واپس لینے کی خبریں بے بنیاد قرار دے دیں

Last Updated On 05 December,2018 06:57 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسد عمر نے وزارت خزانہ کا قلمدان واپس لینے کی خبریں بے بنیاد قرار دے دیں۔ دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا وزیراعظم نے کہا کہ ایسی خبریں آپ کے خلاف مہم کا حصہ ہیں، عمران خان نے کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

یاد رہے اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کا کہنا تھا کوئی نہیں جانتا کس کی وزارت خطرے میں ہے، یہ راز صرف عمران خان کے سینے میں دفن ہے۔

جہانگیر ترین نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ ان کا وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر سے کوئی جھگڑا ہے نہ اختلاف، کس کی وزارت خطرے میں ہے، یہ راز تو صرف کپتان کے سینے میں دفن ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ حکومت کو تین ماہ ہوئے بہت سارے حملے ہو رہے ہیں، تحریک انصاف نئے پاکستان کے لیے جدوجہد کر رہی ہے اور ہم تیس سال کا گند صاف کر رہے ہیں۔