نیب ریفرنسز کی پیروی کرنے والی ٹیم کے اہم رکن مستعفی

Last Updated On 04 December,2018 11:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے خلاف نیب ریفرنسز کی پیروی کرنے والی ٹیم کے اہم رکن مستعفی ہو گئے۔ سپیشل پراسیکیوٹر عمران شفیق کا کہنا ہے کہ انہوں نے استعفیٰ ذاتی وجوہات پر دیا۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کے سپیشل پراسیکیوٹر عمران شفیق نے اپنا استعفیٰ پراسیکیوٹر جنرل نیب کو بھجوا دیا ہے جس میں انہوں نے اسے وجوہات ذاتی قرار دیا ہے۔

عمران شفیق وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری کا نام ای سی ایل میں ڈالنے اور اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس میں نیب پراسیکیوٹر تھے۔ وہ نواز شریف کے خلاف تین ریفرنسز میں بھی نیب کی قانونی ٹیم کے رکن تھے جبکہ آصف علی زرداری کی بریت کے خلاف ہائیکورٹ میں نیب اپیل کی پیروی کی۔

اپنے استعفیٰ میں عمران شفیق نے کہا کہ انہوں نے اسحاق ڈار کیس میں بہت محنت کی اور تفتیش سے لے کر ان کے اثاثوں کی قرقی تک اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کیں۔

عمران شفیق نے کہا کہ وہ کرپشن کے خاتمے کو قومی ذمہ داری سمجھتے ہیں اور نیب سے الگ ہونے کے باجود اسحاق ڈار کیس میں اپنی خدمات دینے کے لیے تیار ہیں، اب آزاد وکیل کی طرح کام کرنا چاہتا ہوں۔

دوسری جانب نیب کا کہنا ہے کہ استعفیٰ سے متعلق عمران شفیق کا نوٹس قانون کے مطابق نمٹایا جائے گا۔ وہ زلفی بخاری کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق کیس میں بھی نیب کی جانب سے پیروی کر رہے تھے۔