خادم رضوی کیخلاف بغاوت، دہشتگردی کا مقدمہ درج

Last Updated On 02 December,2018 12:15 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ تحریک لبیک کے سربراہ خادم حسین رضوی اور پیر افضل حسین قادری کے خلاف بغاوت اور دہشتگردی کا مقدمہ درج کر دیا گیا ہے۔ جو احتجاج بھی قانون کے دائرہ سے باہر ہو گا، ریاست اس پر خاموش نہیں رہے گی.

وزیر اطلاعات  کا کہنا تھا کہ جن کو دہشت گردی،بغاوت  میں چارج کیا گیا، ان کو عمرقید کی سزا ہو سکتی ہے، ان کوعدالتوں میں پیش کیا جائے گا، احتجاج کے نام پر فساد پھیلانے والوں کیخلاف آپریشن کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو احتجاج آئین وقانون سے باہر ہو، اس پر ریاست خاموش نہیں رہے گی، فیض آباد انٹرچینج اہم انٹرچینج ہے، اس کوبند کیا گیا، احتجاج سے جانی ومالی نقصان ہوا، تحریک لبیک نے آئین وقانون کوللکارا، پانچ سے7 کروڑ روپے کی سرکاری و پرائیویٹ املاک کو نقصان پہنچا۔

فواد چودھری کا یہ بھی کہنا تھا کہ اپوزیشن کیساتھ کئی معاملات میں اختلاف ہے لیکن انہوں نے سپورٹ کیا، یہ معاملہ سیاست سے بالاترہے، اگرججز، جرنیل، ریاست کو مذاق بنا دیا جائے تو پھر ریاست نہیں چل سکتی، اپوزیشن کا ساتھ دینے پر شکر گزار ہوں۔

وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ تحریک لبیک نے انتہائی نامناسب سیاست کی، علما کرام بھی ان کی سیاست سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہیں، ہمارا اعتراض طرز سیاست پر ہے، ہم میں سے کوئی بھی کم مسلمان نہیں۔ افضل حسین قادری کو گجرات میں دہشت گردی اور بغاوت کے الزام میں چارج شیٹ کیا گیا ہے، جو معاہدہ کیا گیا اس پر عمل درامد نہیں کیا گیا، تماشے لگائے گئے، اور خواتین کو تنگ کیا گیا، بچوں تک کو نہیں چھوڑا گیا۔