اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف حکومت کے100 روزہ پلان کا جائزہ اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت شروع ہو گیا جس میںحکومت کی سو روزہ کارکردگی، اہداف کی تکمیل اور کفایت شعاری مہم پر بریفنگ دی گئی. اجلاس میں سو روزہ پلان سے متعلق وزیراعظم کے مجوزہ خطاب میں مختلف منصوبوں کو شامل کرنے سے متعلق فیصلہ بھی کیا جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں وزیراطلاعات و نشریات فواد چودھری، مشیر سیاسی امور نعیم الحق، وزیراعظم کے سیکرٹری اعظم خان، سینیٹر فیصل جاوید، افتخار درانی سمیت اہم رہنما شریک ہیں۔ اجلاس میں حکومت کی 100 روزہ کارکردگی اور اہداف کی تکمیل پر بریفنگ دی گئی جس میں وزیراعظم کی حلف برداری تقریب سے کرتارپور راہداری کے سنگ بنیاد تک اہم اقدامات، سادگی و کفایت شعاری مہم، کابینہ کے فیصلوں پر عملدرآمد سمیت اقدامات زیر غور آئے۔
بریفنگ کے بعد کس وزیر نے کتنا کام کیا، وزارتوں اور ڈویژنوں کی رپورٹس کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔ مواصلات، قانون و انصاف، موسمیاتی تبدیلی، ہاوسنگ، ریلویز، نجکاری، اطلاعات کی کارکردگی پرکھی جائے گی، وزیراعظم اپنی ٹیم کے ہمراہ مختلف وزارتوں کے عوامی فلاحی منصوبوں، عملی اقدامات پر بھی غور کرینگے۔