پی آئی اے عملے سے بدسلوکی، سپریم کورٹ نے فدا حسین کی معافی قبول کرلی

Last Updated On 30 November,2018 09:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ایئرپورٹ پر پی آئی اے عملے کو دھکے مارنے والے، گلگت بلتستان کے وزیر فدا خان نے سپریم کورٹ سے تحریری معافی مانگ لی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے صرف گلگت بلتستان کے لوگوں کی عزت کے لیے نوٹس واپس لے رہے ہیں۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پر پی آئی اے افسر کو دھکے مارنے کی ویڈیو عدالت میں چلائی گئی تو چیف جسٹس ثاقب نثار نے گلگت بلتستان کے وزیر فدا خان سے کہا آپ کا دماغ ٹھیک تھا، آپ نے دھکے کیوں مارے ؟ کیا ایک پڑھے لکھے آدمی کا رویہ ایسا ہونا چاہیے ؟ وزیر ایسے ہوتے ہیں، آپ پر مقدمہ درج کرائیں گے، آئی جی اسلام آباد کو بلا کر کہیں ان کے ساتھ دوسرے وزیر کے خلاف بھی مقدمہ درج کرے۔

آئی جی اسلام آباد عدالت میں پیش پوئے تو چیف جسٹس نے کہا وزیر نے پی آئی اے افسر کو دھکے مارے، آپ نے ابھی تک کچھ نہیں کیا، آئی جی نے بتایا اسلام آباد ائیرپورٹ پنجاب کی حدود میں آتا ہے۔ وزیر فداخان نے معافی چاہی تو چیف جسٹس نے کہا قطعاً معافی نہیں ملے گی، آپ بدمعاش ہیں ؟ وزیر نے کہا میں بالکل بھی بدمعاش نہیں، مجبور تھے ، بدنیتی سےنہیں کیا۔