فیصل آباد: (دنیا نیوز) جامعہ اسلامیہ امدادیہ کے طلبہ کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ وہ گزشتہ دنوں رائے ونڈ اجتماع پر گئے تھے اور گنڈا سنگھ بارڈر کے دورے کے دوران یہ تصویر کھنچوائی۔
پاکستانی مدرسے کے طلبہ کو دہشتگرد قرار دینے کا بھارت کا گھٹیا اور فضول ڈرامہ بری طرح سے فلاپ ہو گیا ہے، پاکستانی مدرسے کے طلبہ نے میڈیا کے سامنے آ کر بھارتی پروپگینڈے کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔
فیصل آباد کے مدرسہ جامعہ امدادیہ کے طلبہ طیب اور ندیم نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ وہ گزشتہ دنوں رائے ونڈ تبلیغی اجتماع میں شرکت کیلئے گئے تھے اور اسی دوران انہوں نے گنڈا سنگھ بارڈر کا دورہ بھی کیا۔
دونوں طلبہ نے بتایا کہ میڈیا پر زیر گردش تصویر اسی موقع کی ہے جسے پتہ نہیں کس نے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دیا جس سے بھارت کو پاکستان کیخلاف جھوٹا ڈرامہ کرنے کا موقع ملا۔ طیب اور ندیم کا ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہنا تھا کہ دشمن ڈرتا ہے تو ڈرنے دیں۔
انڈیا کے جھوٹے پروپیگنڈے کے حوالہ سے جامعہ اسلامیہ امدادیہ کے معلمین کا ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ رائیونڈ تبلیغی اجتماع کے بعد طلبہ نے تصاویر بنائیں جسے انڈین میڈیا نے پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش میں ایشو بنا دیا۔
یہ بھی پڑھیں: مودی سرکار خوفزدہ، پاکستانی طلبا کو دہشتگرد قرار دینے کا ڈرامہ فلاپ
مدرسے کے معلمین کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا نے طالبعلموں کے دہلی میں داخل ہونے کا دعویٰ کیا لیکن حقیقت دونوں طالبعلم تو یہاں مدرسہ میں زیر تعلیم ہیں۔
مدرسہ جامعہ امدادیہ کے مہتمم مفتی زاہد کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ طیب نامہ طالبعلم درس نظامی کے پانچویں سال جبکہ ندیم درس نظامی کے ساتویں سال میں زیر تعلیم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دونوں طالب علم چند روز قبل رائیونڈ میں ہونے والے تبلیغی اجتماع پر گئے اور وہیں سے گنڈا سنگھ بارڈر پر پریڈ دیکھنے چلے گئے اور تصویریں بنوائیں، سوشل میڈیا پر تصویر وائرل ہوئی تو بھارتی میڈیا انہی کو لے کر پروپیگنڈہ کرنا شروع ہو گیا۔