تاریخی لمحہ قریب آگیا، کرتارپور کوریڈور کے افتتاح کی تیاریاں

Last Updated On 26 November,2018 04:05 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ایک اور تاریخی لمحہ قریب آگیا، کرتارپور کوریڈور کی افتتاحی قریب کیلئے تیاریاں شروع ہوگئیں، پنڈال سجایا جا رہا ہے، کرسیاں بھی لگائی جا رہی ہیں، صفائی ستھرائی کا کام بھی جاری ہے، وزیراعظم عمران خان 28 نومبر کو کرتارپور میں کوریڈور کا افتتاح کریں گے۔

نارووال کے قریب گردوارہ بابا گورونانک پر پنڈال سجایا جا رہا ہے، ٹینٹ لگنا بھی شروع ہوگئے، کرسیاں لگانے کے بھی انتظامات ہو رہے ہیں، سڑکوں کی صفائی کا کام بھی ہو رہا ہے۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان 28 نومبر کو کرتارپور میں کوریڈور کا افتتاح کریں گے۔

بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے سکھ یاتریوں سے بھی تقریب میں شریک ہوں گے، سکھ مذہب کے بانی بابا گرو نانک کی آخری آرام گاہ گردوارا دربار صاحب کرتار پور سکھوں کی سب سے بڑی عقیدت گاہ ہے۔

شکر گڑھ کے موضع کرتار پور میں دربار بابا گورو نانک، پاک بھارت بارڈر سے ساڑھے تین کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، صرف 30 منٹ میں پیدل سفر کر کے بھی سرحد پار سے سکھ یاتری گردوارا دربار صاحب آکر درشن اور دیگر مذہبی رسومات ادا کر سکتے ہیں۔