کراچی: تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن، غیر قانونی دکانیں‌ مسمار

Last Updated On 20 November,2018 02:46 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں 16ویں روز بھی کے ایم سی کا تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کے دوران غیر قانونی دکانیں مسمار کر دی گئیں. میئر کراچی وسیم اختر نے شہربھر میں دکانداروں کو رضا کارانہ طور پر تجاوزات کے خاتمے کیلئے 3 روز کی مہلت دی تھی جو ختم ہو گئی۔ اینٹی انکروچمنٹ سیل نے گزشتہ روز سے آپریشن مزید تیز کر دیا۔

میئر کراچی کی تجاوزات کے خاتمے کیلئے دی گئی تین روزہ مہلت بھی ختم ہو گئی لیکن اکثریتی علاقوں میں تا حال فٹ پاتھ، میدان اور پارکوں سے غیر قانونی تعمیرات ختم نہ ہوئیں۔ کے ایم سی نے ڈنڈا اٹھا لیا۔ جامہ کلاتھ مارکیٹ میں دو سو سے زائد دکانیں بھی کے ایم سی اینٹی انکروچمنٹ سیل کا ہدف ہیں۔ کے ایم سی کی کارروائی کے دوران غیر قانونی دکانیں، تھڑے اور چھجے گرا دیئے گئے۔

شہر میں گزشتہ روز گرائی گئیں دکانوں کا ملبہ بھی ٹھکانے لگایا جا رہا ہے۔ دوسری جانب دکانداروں نے آپریشن پر برہمی کا اظہار کر دیا۔