کراچی: (دنیا نیوز) اربوں روپے میگا منی لانڈرنگ سکینڈل میں اہم پیش رفت سامنے آگئی۔ جے آئی ٹی کی ٹیم نے عدالت سے انور مجید، عبدالغنی مجید، حسین لوائی اور طحہ رضا سے جیل میں تحقیقات کیلئے درخواست کر دی۔
کراچی بینکنگ کورٹ میں اومنی گروپ کی شوگر ملز کی اربوں روپوں کی چینی غائب ہونے کے معاملے پر بینکوں کی جانب سے شکایات کی سماعت ہوئی، عبدالغنی کو عدالت میں پیش کیا گیا۔
انور مجید کو پیش نہ کرنے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے میڈیکل سرٹیفکیٹ کا معائنہ کیا اور کہا بائی پولر کوئی ایسی بیماری نہیں جس کے باعث ملزم عدالت میں پیش نہ ہوسکے۔ عدالت نے میڈیکل سرٹیفکیٹ بنانے والے ڈاکٹر اور انور مجید کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا، جبکہ انور مجید، عبدالغنی مجید، حسین لوائی اور طحہ رضا سے تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی نے عدالت سے رجوع کرلیا۔