اسلام آباد ہائیکورٹ: جسٹس اطہرمن اللہ کو چیف جسٹس مقرر کرنیکی منظوری

Last Updated On 08 November,2018 10:54 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ججز تقرری پارلیمانی کمیٹی نے کثرت رائے سے جسٹس اطہر من اللہ کو اسلام آباد ہائیکورٹ کا چیف جسٹس مقرر کرنے کی منظوری دے دی، تحریک انصاف کے ارکان نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

ذرائع کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کی تعیناتی کے حوالے سے وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان کے زیر صدارت پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

کمیٹی نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کی تعیناتی کے حوالے سے جوڈیشل کمیشن کی سفارشات پر غور کیا۔ جوڈیشل کمیشن نے جسٹس اطہر من اللہ کو چیف جسٹس تعینات کرنے کی سفارش کی تھی تاہم کمیٹی میں شامل حکومتی ارکان نے جسٹس اطہر من اللہ کے نام پر تحفظات کا اظہار کیا۔

اتفاق رائے نہ ہونے کی بنا پر ووٹنگ کا طریقہ کار اپنایا گیا۔ دونوں حکومتی ارکان علی محمد خان اور سینیٹر نعمان وزیر نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا تاہم کمیٹی میں شامل دیگر اراکین نے جسٹس اطہر من اللہ کے حق میں ووٹ دیا جس سے کثرت رائے کی بنیاد پر فیصلہ جسٹس اطہر من اللہ کے حق میں ہوا اور کمیٹی نے نام کی منظوری دے دی۔