اسلام آباد (دنیا نیوز ) زمینوں پر قبضے کے الزام میں مطلوب ملزم منشا بم سپریم کورٹ پہنچ گیا ، سپریم کورٹ پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران منشا بم کا کہنا تھا کہ وہ گرفتاری دینے کیلئے عدالت آئے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف مقدمات سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے اور ان کا حقائق سے کوئی تعلق نہیں، نہ انہوں نے زمینوں پر قبضے کئے ہیں اور نہ ہی کبھی اور کوئی غیر قانونی کام کیا ہے۔
یاد رہے کہ منشا بم اور اس کے بیٹوں پر زمینوں پر قبضے کے حوالے سے 70 سے زائد مقدمات درج ہیں اور وہ طویل مدت سے پولیس کو مطلوب بھی تھا مگر تمام تر کوششوں کے باوجود پولیس اسے گرفتار کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی تھی۔ پولیس نے اس کی تلاش میں کئی مقامات پر چھاپے بھی مارے لیکن اسے گرفتار کرنے میں پوری طرح ناکام رہی تھی۔