لاہور: (دنیا نیوز) سابق حکمران جماعت مسلم لیگ نواز 12 اکتوبر کا یوم سیاہ منانا ہی بھول گئی، نہ کوئی تقریب، نہ کوئی احتجاج ،نہ کوئی ریلی ، نہ کوئی بیان ، نہ کوئی مذمتی ٹویٹ جاری ہوا۔
موجودہ سیاسی صورتحال میں سابق حکمران جماعت بوکھلاہٹ کا شکار دکھائی دیتی ہے، اس سال بھی پارٹی قائد نواز شریف، مریم نواز، حمزہ شہباز اور ترجمان مریم اورنگزیب سمیت پارٹی کی سینئر قیادت میں سے کسی نے بھی بارہ اکتوبر 1999 کے دن پر کوئی بات نہ کی۔ پہلے اس دن کو بھرپور انداز سے منایا جاتا تھا جبکہ ضمنی انتخابات کی مصروفیت، موجودہ سیاسی صورتحال اور عدالتی کیسز کے باعث بھول گئی یا پھر موجودہ حالات نے انہیں خاموش رہنے پر مجبورکر دیا۔
12 اکتوبر مسلم لیگ (ن) کی سیاست اور تاریخ میں انتہائی اہمیت کا حامل دن سمجھا جاتا ہے کیونکہ 19 سال پہلے اس وقت کے آرمی چیف، سابق صدر پرویز مشرف نے اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف کی حکومت کا دھڑن تختہ کرتے ہوئے مارشل لا لگا کر جمہوریت پر شب خون مارا تھا جس کے بعد مسلم لیگ (ن) نے 12 اکتوبر کو بدترین قرار دیتے ہوئے یوم سیاہ قرار دیدیا تھا۔ اس سال 12 اکتوبر کا دن خاموشی اور سادگی سے گزر گیا ہے۔
تحریر: دانیال راٹھور