نیب کی کارروائی، سابق وی سی پنجاب یونیورسٹی مجاہد کامران گرفتار

Last Updated On 11 October,2018 09:36 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب یونیورسٹی میں بھی مبینہ بے ضابطگیوں کا کھاتہ کھل گیا، نیب کا بڑا ایکشن، سابق وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران سمیت 6 افراد دھر لیے۔

نیب نے سابق وی سی پنجاب یونیورسٹی مجاہد کامران کو حراست میں لے لیا، ذرائع کے مطابق مجاہد کامران پر 550 سے زائد افراد کو خلاف قانون بھرتی کرنے اور بے ضابطگیوں کا الزام ہے۔ مجاہد کامران نے اپنی اہلیہ کو غیر قانونی طور پر یونیورسٹی لاء کالج کی پرنسپل تعینات کیا، من پسند طلباء کو اسکالرشپس دیے اور پپرا رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے من پسند کنٹریکٹر کو ٹھیکے دیے۔

نیب نے ڈاکٹر مجاہد کامران کے ساتھ ملوث دیگر پانچ افراد کو بھی گرفتار کیا ہے جن میں ڈاکٹر اورنگزیب عالمگیر، ڈاکٹر لیاقت علی، راس مسعود، امین اطہر اور کامران عابد شامل ہیں۔ نیب ذرائع کے مطابق 4 سابق رجسٹرار اور ایک ایڈیشنل رجسٹرار وی سی مجاہد کامران کے غیر قانونی کاموں میں معاون تھے۔

نیب کا ایگزیکٹو بورڈ ڈاکٹر مجاہد کامران کے خلاف انکوائری کی منظوری دے چکا ہے۔