لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے 6 افراد کے قتل میں سزائے موت کے مجرم لیگی ایم این اے کو بری کر دیا، عابد رضا کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت سزائے موت سنائی گئی تھی۔
تھانہ سول لائنزگجرات میں عابد رضا کوٹلہ اور شریک ملزموں کے خلاف 6 افراد کے قتل کا مقدمہ درج ہوا، متعلقہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 1999ء میں عابد رضا اور شریک مجرموں کو6 ،6 مرتبہ سزائے موت کا حکم سنایا تھا، جس کے خلاف انہوں نے لاہور ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔
عدالت نے مقتول پارٹی سے راضی نامے کی بنیاد پر انہیں بری کر دیا تھا جس کے بعد معاملہ سپریم کورٹ کے سامنے آیا تو عدالت عظمیٰ نے اس بریت کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے اپیلیں دوبارہ سماعت کے لئے لاہور ہائی کورٹ کو بھجوا دی تھیں۔
ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل خرم خان کی طرف سے موقف اختیار کیا گیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت دہشت گردی کے مقدمے میں راضی نامے کی کوئی حیثیت نہیں، ہائیکورٹ سے مجرم کی بریت قتل کی دفعات کے تحت ہوئی جبکہ مقدمہ دہشت گردی کے قانون کے تحت درج ہوا تھا، سماعت مکمل ہونے کے بعد عدالت نے اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جو کہ آج سنا دیا گیا ہے۔