اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے اقلیتوں کو ملازمتوں میں کوٹہ دینے اور نصابی اصلاحات کیس میں جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی ہے۔
سپریم کورٹ میں اقلیتوں کو ملازمتوں میں کوٹہ دینے اور نصابی اصلاحات کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نصابی کتب میں اقلیتوں کے بارے میں تضحیک آمیز الفاظ ہیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ اس معاملے پر فیصلہ دے چکی ہے۔ لا اینڈ جسٹس کمیشن کی کمیٹی بنا دیتے ہیں، وہ دیکھے گی کہ کہاں کہاں اصلاحات کی ضرورت ہے۔
ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے موقف اختیار کیا کہ پنجاب اور سندھ میں اقلیتوں کے حقوق کے لیے کام ہوا ہے۔ پانچ فیصد کوٹہ پر بھی عمل ہوا ہے۔ عدالت نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو سپریم کورٹ کے فیصلے پرعمل درآمد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی۔ کمیٹی نصاب میں اصلاحات کے حوالے سے تجاویز دے گی، کیس کی سماعت دو ہفتوں کے لئے ملتوی کر دی گئی۔