کراچی: ( روزنامہ دنیا) تحریک انصاف سندھ کے نومنتخب صدرامیر بخش خان بھٹو نے تحریک انصاف سندھ کی تمام تنظیموں اور کمیٹیوں کو تحلیل کرتے ہوئے عہدیداروں کو سبکدوش کردیا ہے، جبکہ سابق صدر پی ٹی آئی حیدر آباد علی ہنگورو کے رویے پر تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی ہے۔
جمعہ کو جاری بیان میں امیر بخش بھٹو کا کہنا تھا کہ علی ہنگورو کے رویے کی وجہ سے پی ٹی آئی بدنام ہو رہی ہے۔ تحقیقاتی کمیٹی میں محفوظ عرسانی، عمران علوی ایڈووکیٹ اور کلیم جعفری شامل ہوں گے۔ یہ کمیٹی معاملے کی تحقیق کرکے صدر پی ٹی آئی سندھ کو ایک ہفتے میں رپورٹ دے گی۔ جس کے بعد علی ہنگورو کے خلاف کوئی بھی تنظیمی کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔
امیر بخش کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قانون اور انصاف پسند سیاسی جماعت ہے ،جو بھی تحریک انصاف کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرے گا، اسے تنظیمی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔