وزیراعظم کی آج 66 ویں سالگرہ، مبارکباد کے ڈھیروں پیغامات موصول

Last Updated On 05 October,2018 03:55 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے اپنی زندگی کی 66 بہاریں دیکھ لیں، آج انکی سالگرہ کے موقع پر سوشل میڈیا پر لاتعداد مداح مبارکباد کے ساتھ ساتھ نیک تمناوں پر مشتمل دعاوں اور دلکش القابات سے بھی نواز رہے ہیں۔

عمران خان 1952 میں نیازی گھرانے میں پیدا ہوئے. ایچیسن کالج لاہور اور لندن کے رائل گرامر سکول وارسسٹر کے بعد کیبلے کالج آکسفورڈ سے تعلیم حاصل کرنے والے نوجوان نے پاکستانیوں کی اولین محبت کرکٹ کو 1971 میں بطور پیشہ اپنایا اور پھر پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ شاندار کرکٹ کیرئیر کے دوران 1992 کا ورلڈ کپ جیتنا گویا عمران خان کی زندگی کا مشن تھا جو انھوں نے تمام تر مشکلات کے باوجود پورا کیا اور پھر قوم کے ہیرو قرار پائے۔

عمران خان نیازی کے کارناموں میں پاکستان میں پہلا کینسر ہسپتال بنانا بھی شامل ہے۔ 1996 میں عمران خان نے تحریک انصاف قائم کی اور 22 سال کی طویل جدوجہد کے بعد بالآکر رواں سال وزیراعظم کے منصب پر فائز ہو گئے۔  موجودہ سال عمران خان کیلئے بڑا خوش قسمت ثابت ہوا ہے کہ ان کو ایسی شریک حیات مل گئیں جس طرح کی اہلیہ کے وہ بڑے عرصے سے متمنی تھے اور دوسرا ان کا وزارت عظمی کا منصب سنبھالنا ہے۔

عمران خان کو مبارکباد کے ڈھیروں موصولہ پیغامات میں دعاوں کے علاوہ خوبصورت القابات سے بھی نوازا گیا۔ کسی نے ان کو  مادر وطن کا سپوت  کہا تو کسی نے  زندگی کا نصب العین   قرار دیدیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سوشل میڈیا پیغام میں عمران خان کے کیرئیر کی تمام کامیابیوں کے ساتھ انکی ورلڈ کپ ٹرافی کی تصویر سجائی تو کرکٹ کے عالمی ادارے آئی سی سی نے انھیں تمام کرکٹرز کیلئے  متاثر کن مثال  کہتے ہوئے مبارکباد دی۔