اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزراء کا کہنا ہے شہباز شریف نے وزیراعظم کا جہاز استعمال کر کے 35 کروڑ خرچ کئے، رقوم واپس لیں گے، اسحاق ڈار کے لندن میں مزید دو فلیٹس نکل آئے، مشاہد اللہ کے علاج پر خزانے سے ایک کروڑ خرچ ہوئے، بھائیوں کی ترقی پر انٹر ڈیپارٹمنٹ تحقیقات ہو رہی ہیں۔
شہزاد اکبر نے فواد چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ٹاسک کمیٹی ارکان کے نام چن لیے گئے ہیں، 300 پراپرٹی مالکان کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں، 10 ہزار سے زائد غیر ملکی اثاثوں کی تحقیقات کا عمل شروع ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا دبئی میں 3 ہاؤسنگ سوسائٹیز کی تفصیل موصول ہوئی ہیں، 10 ہزار میں سے آدھی کی تفصیل پہلے سے موجود تھیں، 10 ہزار پراپرٹی کی تفصیلات لندن اور دبئی کی ہیں، ریکوری افسران سپریم کورٹ کے حکم پر کام کر رہے ہیں، ہر 2 ہفتے بعد کارروائی کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کراتے ہیں۔
معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا کہ فالودے والوں سے ڈھائی، ڈھائی ارب کے اکاؤنٹ مل رہے ہیں، بیرون ملک اثاثوں کی تفصیلات موجود تھیں لیکن کارروائی نہیں کی گئی، بیرون ملک بھیجے گئے پیسوں کو واپس لاکر اپنا ظاہر کیا جاتا ہے، ایف آئی اے بے نام دار اکاؤنٹس کے بارے میں تحقیقات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا بددیانت حکمرانوں نے منی لانڈرنگ کو فروغ دینے والے قانون بنائے، سوئس کیسز پر بھی کام ہوگا، اسحاق ڈار نے سوئس اکاؤنٹس سے متعلق کارروائی پر عملدرآمد نہیں ہونے دیا، ماضی کی حکومت نے مالی وسائل کا بے دریغ استعمال کیا، مشاہد اللہ کے علاج پر قومی خزانے سے ایک کروڑ خرچ ہوئے۔