اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین نیشنل بینک، زرعی ترقیاتی بینک، فرسٹ وویمن بینک اور ایس ایم ای بینک کے صدور کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔ فواد چوہدری نے کہا اسحاق ڈار کی غیر قانونی بھریتوں سے جان چھڑائی، وزیراعظم ہاؤس کے 4 یا 5 ملازم رہ گئے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہ پاکستان اور سعودی عرب میں کئی ارب ڈالر کا معاہدہ طے پا گیا، سعودی عرب پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کرے گا، چین کے ساتھ ہمارے اسٹریٹجک تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا اسحاق ڈار کی غیر قانونی بھرتیوں کو بر طرف کر دیا ہے، سعید احمد، صدر زرعی ترقیاتی بینک، صدر فرسٹ ویمن بینک طاہرہ رضا کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ ایک خاندان کے 13 افراد پی آئی اے میں بھرتی ہوئے، بات کریں تو کہتے ہیں ہم سے معافی مانگیں، وزیراعظم ہاؤس کو یونیورسٹی بنانے کیلئے گروپ بنا دیا، وزیراعظم ہاؤس کے 528 ملازمین میں سے صرف 4 یا 5 باقی رہ گئے، وزیراعظم ہاؤس کے ملازمین کو ملازمتوں سے نہیں نکالا گیا۔ انہوں نے کہا مشاہد اللہ اور خورشید شاہ سے ذاتی لڑائی نہیں، پی آئی اے میں ایک ہی خاندان کے متعدد لوگ بھرتی ہیں، وزیراعظم پہلے دن سے ہی بڑی اصلاحات کے حامی ہیں، پنجاب میں ڈپٹی کمشنر کا گھر 33 کنال پرمحیط ہے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور نے کہا کہ سعودی وفد نے گوادر کا بھی دورہ کیا، ہم امداد نہیں لینے گئے، سعودی عرب میں سرمایہ کاری پر بات ہوئی، وہاں وزیراعظم کا والہانہ استقبال ہوا۔ انہوں نے کہا سعودی عرب کو کراچی سے لاہور گیس پائپ لائن میں انویسٹمنٹ کی دعوت دی، سعودی عرب آئل ریفائنری میں سرمایہ کاری کا خواہش مند ہے۔