’سی پیک منصوبوں کا 200 مرتبہ آڈٹ کرا لیں، کچھ غلط ثابت نہیں ہوگا‘

Last Updated On 03 October,2018 11:25 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے پی ٹی آئی حکومت کو چینلج دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں کا 200 بار بھی آڈٹ کرا لیا جائے پھر بھی کچھ غلط ثابت نہیں ہو گا۔

 

دنیا نیوز ہے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ چین اورپاکستان کے ماہرین ایک، ایک منصوبے کی جانچ پڑتال کرتے ہیں، حکومت 200 دفعہ بھی فورنزک آڈٹ کر لے کچھ نہیں نکلے گا، اس طرح چین اور پاکستان کے تعلقات میں بد اعتمادی پیدا ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے گیارہ ارب ڈالر انفراسٹرکچر کے لیے ہے، 35 ارب ڈالر توانائی کے منصوبے میں شامل ہیں، حکومت کو قومی معاملات میں ذمہ داری کیساتھ بیانات دینے چاہیں، حکومت کی ناپختگی کی وجہ سے پاکستان کو شرمندگی ہو رہی ہے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ چین اور پاکستان کے اتفاق رائے کے بعد کسی اور ملک کو شامل کیا جا سکتا ہے، خدشہ ہے چین کی رضامندی کے بغیر سعودی عرب کو پیشکش کی گئی۔