لاہور: (دنیا نیوز) عوام دشمن ہر اقدام کے خلاف احتجاج ہوگا، بھاشا ڈیم بنانے کے لیے فنڈز جمع کرنے کی ضرورت نہیں، سرمایہ کاروں کو دعوت دیں، دھاندلی کا حساب لیں گے۔ شہبازشریف نے ایوان کی کارروائی روکنے کی دھمکی دے دی۔
صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف اور احسن اقبال نے مشترکہ پریس کانفرنس میں عام انتخابات 2018 میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے کمیشن کا مطالبہ دہرایا۔ ان کا کہنا تھا کہ 17 اگست کو وزیراعظم نے کمیشن بنانے کا اعلان کرنا تھا پھر یوٹرن لے لیا، جب تک کمیشن نہیں بنتا کسی کارروائی کو آگے نہیں بڑھنے دیں گے۔
صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اتحاد کمیشن بنوا کر رہے گا۔ حکومتی اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 20 دنوں میں گیس، بجلی اور کھاد کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا گیا ہے، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اس سے قبل کبھی اس قدر اضافہ نہیں کیا گیا، ہم نے بجلی کی قیمت 3 روپے یونٹ کم کی تھی۔ زرعی اجناس کی قیمتیں بڑھنے سے ملک میں مہنگائی ہوگی، حکومت کو ظلم و زیادتیاں کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
بھاشا ڈیم کے حوالے سے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی حکومت نے بھاشا ڈیم کیلئے 120 ارب روپے خرچ کیے، ڈیمز بنانے کیلئے فنڈز کی ضرورت نہیں، حکومت سرمایہ کاروں کو دعوت دے۔
سابق وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 750 ارب روپے خیرات اور چندے سے اکٹھے نہیں ہو سکتے۔ حکومت ٹیک آف کے بجائے ٹاسک فورسوں میں الجھا کر کریش کرنا چاہتی ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پہلے لیپ ٹاپ سکیم کو بند کیا گیا اب دانش سکولوں پر حکومت کی نظر ہے۔ گاڑیوں کی نیلامی کے لیے کروڑوں روپے اشتہارات پر خرچ کرنے والے کس منہ سے کفایت شعاری کی بات کرتے ہیں۔