اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے مولانا فضل الرحمان کی جانب سے استعفے کا مطالبہ افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا انتخابات صاف اور شفاف تھے، بغیر ثبوت الزامات افسوسناک ہے، الیکشن کمیشن خود مختار آئینی ادارہ ہے، دباؤ قبول نہیں کرے گا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ عوام نے عام انتخابات 2018 کے دوران غیر جانبدارانہ ماحول میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، بلا جواز اور ذاتی مفاد کے حصول کیلئے عوامی مینڈیٹ کا احترام نہ کرنا افسوسناک ہے، الیکشن کمیشن نے انتخابی تنازعات کے لئے ہائیکورٹس کے جج صاحبان پر مشتمل الیکشن ٹربیونلز قائم کر رکھے ہیں، کسی کو شکایت ہےتو طریقہ کار کے مطابق پٹیشن دائر کرے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ قومی اداروں پر الزامات لگا کر دباؤ میں لانے کی روایت ختم ہونی چاہیے، عوام کے مینڈیٹ کا بغیرجواز احترام نہ کرنا جمہوریت کے اصولوں کے منافی ہے۔