اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) چین کے وزیر خارجہ وانگ ای 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گے ہیں، چینی وزیر خارجہ جمعہ سے اتوار تک پاکستان میں قیام کے دوران پاکستانی حکام سے اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں کرینگے۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ ہواچن ینگ کا دورہ سے قبل میڈیا سے گفتگو میں بتانا تھا کہ وزیر خارجہ وانگ ای اپنے ہم منصب کی دعوت پر پاکستان جا رہے ہیں، وانگ ای پاکستانی حکام سے اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں کرینگے، ملاقاتوں میں باہمی تعلقات، علاقائی اور عالمی مسائل پر بات ہوگی۔
چینی وزرات خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ چین پاکستان تمام موسموں کے سٹریٹجک پارٹنر ہیں،دونوں ممالک اچھے پڑوسی،دوست اور بھائی ہیں، دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون اورترقی کاعمل جاری ہے۔
علاوہ ازیں ترک وزیر خارجہ میولوت کیواسوگلو وفد کیساتھ 14 ستمبر کو یہاں پہنچیں گے۔ ترک وزیرخارجہ اپنے پاکستانی ہم منصب ، وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت اہم حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔
دوسری طرف وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اپنے پہلے دورے پر اگلے ہفتے کابل جارہے ہیں جس کی انہیں افغان وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی نے دعوت دی ہے، رواں ماہ کے تیسرے ہفتے میں شاہ محمود قریشی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سربراہ خطاب میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لئے نیویارک روانہ ہوجائیں گے۔