اسلام آباد: ( دنیا نیوز) ملک بھر میں 53 واں یوم دفاع آج ملی جوش و جذبے سے منایا گیا، مرکزی تقریب جی ایچ کیو میں منعقد، وزیراعظم سمیت عسکری و سیاسی قیادت نے شرکت کی۔
یوم دفاع کی مناسبت سے مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ ملک کا دفاع کرتے ہوئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہداء کی قبروں اور یاد گاروں پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی گئی۔
لاہور میں مزار اقبال پر پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی، میجر عزیز بھٹی شہید کی جائے شہادت اور میجر شبیر شریف شہید کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔
مزار اقبال پر پُروقار تقریب کا انعقاد ہوا، گیریژن کمانڈر میجر جنرل محمد عامر نے مزار اقبال پر حاضری دی اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ فاتحہ خوانی اور ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دعا کی، پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی بھی پیش کی۔ اس موقع پر گیریژن کمانڈر نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کئے۔
مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب
یوم دفاع پر میانی صاحب قبرستان میں شہداء کیلئے دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا، میجر شبیر شریف شہید کے مزار پر میجر جنرل شاہد نے حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی بھی کی۔ پاک آرمی کے چاک و چوبند دستے کی جانب سے سلامی پیش کی گئی۔
صدر پاکستان، چیف آف آرمی سٹاف، چیف جسٹس آف پاکستان، کمانڈر 4 کورپس کی جانب سے پھولوں کے گلدستے بھی بھجوائے گئے۔ میجر عزیز بھٹی شہید کی جائے شہادت پر سیکٹر کمانڈر ستلج رینجرز بریگیڈیئر سید عاصم حسین گردیزی اور 14 ونگ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل رضوان عامر نے پھولوں کی چادر چڑھائی۔
— Maj Gen Asif Ghafoor (@OfficialDGISPR) September 6, 2018
یومِ دفاع و شہدا۶ 2018
GHQ میں مرکزی تقریب کی جھلکیاں۔
6 ستمبر 18 رات 8 بجے سے براہ راست نشر ہو گی۔۔۔۔ #ہمیں_پیار_ہے_پاکستان_سے pic.twitter.com/a3icAcxI7d
وزیراعظم کا پیغام
وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ مل کر مادر وطن کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے، پاکستان اپنے تمام ہمسایوں سمیت پوری دنیا کے ساتھ برابری کی بنیادوں پر باہمی تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے، ‘‘ہمیں پیار ہے پاکستان سے ’’ کا عنوان پوری قوم کی امنگوں اور جذبے کا ترجمان ہے۔
آرمی چیف کا پیغام
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہدا کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے۔ آئی ایس پی آر نے یوم دفاع وشہدائے پاکستان کے حوالے سے خصوصی پرومو جاری کیا ہے جس میں چیف آف آرمی سٹاف شہدا کے لواحقین سے اظہار ہمدردی اور یکجہتی کر رہے ہیں۔
صدر مملکت ممنون حسین
صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ ہماری مسلح افواج قانون نافذ کرنے والے اداروں، پولیس اور خفیہ ایجنسیوں نے عوام کی بھرپور تائید و حمایت سے اندرونی و بیرونی محاذوں پر دشمن کے عزائم کو شکست دی۔ اہل پاکستان اور مسلح افواج کی قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا۔ وطن عزیز کے ایک ایک انچ کا دفاع ہماری ذمہ داری ہے۔
آصف علی زرداری
سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم قوم کے ان بیٹوں اور بیٹیوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطن کا دفاع کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔
عظیم قومیں اپنے شہداء کو کبھی نہیں بھولتیں: ڈی جی آئی ایس پی آر
چوہدری برادران
پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت ، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی نے کہا کہ ملک و قوم کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے 6 ستمبر 1965 والا جذبہ بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔