اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ میری اطلاع کے مطابق ہیلی کاپٹر پر 20 ہزار فی منٹ خرچ آتا ہے۔
وزیرِاعظم عمران خان کی جانب سے ہیلی کاپٹر کے استعمال پر تنقید اور بعد ازاں وفاقی وزیر فواد چودھری کے بیان کو آڑے ہاتھوں لیا جا رہا ہے۔ فواد چودھری کے اس بیان کے بعد کہ ہیلی کاپٹر پر 55 روپے کلومیٹر خرچہ آتا ہے، ہر کوئی اس اپنی اپنی رائے زنی کر رہا ہے۔
اب سابق وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی نے ابھی اس بحث میں اپنی انٹری دیدی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ میری اطلاع کے مطابق ہیلی کاپٹر پر 20ہزار فی منٹ خرچ آتا ہے لیکن نئے پاکستان میں ہیلی کاپٹر 55 روپے کلومیٹر میں چلتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن جیسے بھی ہوئے سب جانتے ہیں لیکن ہم نے کبھی الیکشن کا رونا دھونا نہیں ڈالا۔
خیال رہے کہ وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چودھری کے خلاف پنجاب اسمبلی میں ایک قرارداد جمع کروائی گئی ہے جس میں ان سے مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
قراردار کے متن میں کہا گیا ہے کہ وزیرِاعظم کے شاہانہ سفر پر فواد چودھری نے کہا کہ ہیلی کاپٹر سستا پڑتا ہے اور اس کا خرچہ 50 سے 55 روپے فی کلو میٹر بنتا ہے۔
متن کے مطابق وفاقی وزیر فواد چودھری کا بیان انتہائی بچگانہ، مضحکہ خیز اور حقیقت سے روگردانی کے مترادف ہے، فواد چودھری کے اس بیان سے پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی ہے، اس لیے ان سے وزارت کا قلمدان واپس لیا جائے تا کہ پاکستان کا وقار برقرار رہے۔
یہ قرارداد مسلم لیگ ن کی رہنما کنول پرویز چودھری کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے وزیراعظم بننے کے بعد سرکاری ہیلی کاپٹر کا بے جا استعمال شروع کر دیا جس سے پاکستانی عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔