23 لاکھ 71 ہزار 675 مسلمانوں نے فریضۂ حج ادا کیا

Last Updated On 30 August,2018 09:55 am

کراچی: (روزنامہ دنیا) اس برس مسلمانوں کی سب سے بڑی عبادت حج کے فریضے کی سعادت 23 لاکھ 71 ہزار 675 خوش نصیبوں کے حصے میں آئی، جب کہ سب سے زیادہ حجاج کرام کا تعلق بر اعظم ایشیاء سے رہا۔

سعودی عرب کے سینٹر فار انٹرنیشنل کمیونیکیشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اس سال حج کی سعادت حاصل کرنے والے 23 لاکھ 71 ہزار 675 افراد میں سے مقامی حاجیوں کی تعداد 6 لاکھ 12 ہزار 953 رہی، جب کہ دنیا کے دیگر ممالک سے آنے والے حاجیوں کی تعداد 17 لاکھ 58 ہزار 722 ریکارڈ کی گئی۔ حجاج کرام میں مرد حاجیوں کی تعداد زیادہ رہی، جو کہ 13 لاکھ 27 ہزار 127 رہی، جب کہ 10 لاکھ 44 ہزار 548 خواتین نے فریضۂ حج کی سعادت حاصل کی۔

امسال حج کے لیے آنے والوں میں بر اعظم ایشیاء سے سب سے زیادہ حاجیوں کی آمد ہوئی جو کہ 10 لاکھ 49 ہزار 496 رہی، جب کہ عرب ممالک سے 3 لاکھ 95 ہزار 410، افریقہ سے 1 لاکھ 66 ہزار 83، یورپ سے 88 ہزار 601، جی سی سی ممالک سے 34 ہزار 140 اور شمالی و جنوبی امریکہ اور آسٹریلیا سے 24 ہزار 992 حجاج کرام کی آمد ہوئی۔

بین الاقوامی حجاج کرام میں سے 16 لاکھ 56 ہزار 936 حاجی بذریعہ ہوائی جہاز حجاز مقدس پہنچے ، جب کہ 16 ہزار 163 نے بذریعہ بحری جہاز اور 85 ہزار 623 بذریعہ سڑک فریضۂ حج کی ادائیگی کے لیے آئے ۔ سعودی حکومت کی جانب سے حجاج کرام کی سیکیورٹی، انتظامات اور دیگر خدمات کے لیے 2 لاکھ 87 ہزار 300 اہلکاروں و رضا کاروں کی تعیناتی کی گئی۔