حجاج کرام کا تحفظ، مکہ کے اطراف میں پیٹریاٹ میزائل نصب

Last Updated On 24 August,2018 10:03 am

ریاض (نیٹ نیوز ) سعودی عرب کی حکومت نے حجاج کرام کے تحفظ کو یقینی بنانے اور یمن کے حوثی باغیوں کی طرف سے بیلسٹک میزائل حملوں کے تناظر میں مکہ مکرمہ کے اطراف میں میزائل شکن پیٹریاٹ میزائل نصب کیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق مناسک حج کی تکمیل کے بعد حوثی شدت پسندوں کی طرف سے مقامات مقدسہ کی طرف چار بیلسٹک میزائل داغے گئے تاہم سعودی عرب کے پیٹریاٹ میزائلوں نے حوثیوں کے بیلسٹک میزائل فضا ہی میں تباہ کر دیئے۔

خیال رہے کہ سعودی عرب پر حوثی باغیوں کی طرف سے میزائل حملے اب معمول بن چکے ہیں مگر سعودی ڈیفنس فورس کی طرف سے بروقت کارروائی کرکے حوثیوں کی دہشت گردی کی سازش ناکام بنا دی جاتی ہے۔

اکتوبر 2016ء میں حوثیوں نے مکہ معظمہ کی طرف دو میزائل داغے، جولائی 2017ء کو حج سے قریبا ایک ماہ قبل مکہ مکرمہ پر بیلسٹک میزائل داغے گئے مگر انہیں ناکام بنا دیا گیا تھا۔