وزیراعظم کو پومپیو کی فون کال، تفصیل سے دفتر خارجہ آگاہ تھا

Last Updated On 28 August,2018 09:06 am

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) وزارت خارجہ کے ذرائع نے اس بات کی تصدیق یا تردید کرنے سے انکار کر دیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کی بجائے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ یا نائب صدر سے فون پر بات کی تجویز پیش کی گئی تھی اور کہا ہے کہ ایسے وقت میں جب امریکہ کے وزیر خارجہ چند دنوں میں پاکستان کے دورے پر آنے والے ہیں اس طرح کی باتیں فائدہ مند نہیں۔

دفتر خارجہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس قسم کی بحث معاملات کو الجھانے کے سوا کچھ نہیں ہے۔ دفتر خارجہ کے ذرائع کا کہنا تھا کہ وزارت خارجہ کا کام کسی بھی معاملہ پر رائے دینا ہے باقی فیصلہ وزیراعظم یا وزیر خارجہ کو کرنا ہوتا ہے۔ دفتر خارجہ کے ذرائع کا کہنا تھا کہ امریکی وزیرخارجہ کی عمران خان کو فون کال کی تفصیلات سے دفتر خارجہ کے حکام کو آگاہ کیا گیا تھا۔

دفتر خارجہ کے ذرائع کا کہنا تھا کہ یہ وزیراعظم کا مکمل اختیار ہے کہ وہ قدرتی آفت کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کے حوالے سے کسی دوسرے ملک کو امداد کی پیشکش کریں، اس لئے کیرالہ کے سیلاب زدگان کو امداد کی پیشکش قابل اعتراض بات نہیں۔