آر ٹی ایس کی ناکامی کا معاملہ، 22 روز بعد بھی تحقیقاتی کمیٹی نہ بن سکی

Last Updated On 24 August,2018 11:16 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) عام انتخابات کے دوران رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم ناکام ہونے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی 22 روز بعد بھی تشکیل نہیں دی جا سکی، کابینہ ڈویژن اور الیکشن کمیشن معاملہ ایک دوسرے پر ڈالنے لگے ہیں۔

انتخابات 2018 کے دوران آر ٹی ایس کی ناکامی کی تحقیقات کے لئے کمیٹی کے قیام کا معاملہ لٹک گیا ہے۔ 22 روز گزرنے کے باوجود بھی کابینہ ڈویژن اور الیکشن کمیشن کمیٹی تشکیل کے بارے میں لاعلم ہیں۔

کابینہ سیکرٹری کا کہنا کہ وزارت قانون سے رائے لینے کے بعد معاملہ الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا ہے جبکہ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کمیٹی تشکیل کے معاملے پر کابینہ ڈویژن کو ہدایات جاری کر چکے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے تحقیقاتی کمیٹی کی تشکیل کیلئے معاملہ کابینہ ڈویژن کو بھجوایا تھا، کابینہ ڈویژن نے تجویز دی تھی کہ کمیٹی قیام کا معاملہ نئی حکومت پر چھوڑ دیا جائے۔