اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) وفاقی کابینہ کے پہلے اجلاس میں سب وزرا نے کھڑے ہو کر وزیراعظم عمران خان کا پُر جوش استقبال کیا جب کہ اجلاس میں خاطر تواضع میں سادگی نظر آئی اور سب کو صرف ایک کپ چائے پیش کی گئی۔
وزیر اعظم کا اجلاس میں کہنا تھا کہ 100 روزہ پلان پر من و عن عمل کیا جائے ، تمام وزرا با اختیار ہوں گے جس کے بعد اب انہیں نتیجہ چاہیے ۔ انہوں نے وزرا سے کہا کہ آپ عمران خان کی وفاقی کابینہ میں ہیں لہٰذا اب اپنے خاندان کو بھول جائیں کیوں کہ میں روزانہ 16 گھنٹے کام کروں گا اور آپ کو 14 گھنٹے کام کرنا ہوگا۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دل تو ہر روز کابینہ کا اجلاس بلانے کو کرتا ہے لیکن ہفتے میں ایک یا زیادہ بار اجلاس ہوگا، عید کا موقع نہ ہوتا تو ابھی آپ کو چھٹی نہ کرنے دیتا۔
وزیر اعظم نے تمام وزارتوں میں موجود کرپٹ افسروں کی فہرستیں تیار کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ان کی جگہ میرٹ پر قابل افسر لائے جائیں گے ۔وزیر اعظم عمران خان نے تمام وزرا کو اپنی وزارتوں میں اصلاحاتی پیکیج لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عشرت حسین کو اس حوالے سے رپورٹس پیش کریں اور ان کے ساتھ مکمل تعاون بھی کریں۔ عمران خان نے تمام وزرا اور مشیروں کو اپنے دفاتر میں سادگی اپنانے کی ہدایت کی اور کہا انٹرٹینمنٹ کے بجٹ کو بہت حد تک محدود رکھا جائے۔
ذرائع نے اجلاس کی اندرونی کہانی سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا وزیر اعظم بہت پر عزم دکھائی دئیے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا امتحان اب شروع ہوا ہے ، ہر وزیر کو کارکردگی دکھانی ہو گی، کابینہ میں وہی رہے گا جس کی کارکردگی سے وہ مطمئن ہوں گے ۔ذرائع کے مطابق تمام وزرا نے وزیر اعظم کو بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔