کراچی: (دنیا نیوز) تحریکِ انصاف کے رکن سندھ اسمبلی عمران شاہ نے شہری پر تشدد کے معاملے پر تحریری جواب سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا ہے۔
عمران شاہ کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کروائے گئے تحریری جواب میں ندامت کا اظہار کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ واقعہ کے بعد صلح ہو گئی ہے، عدالت بھی معافی قبول کرتے ہوئے کیس سے باعزت بری کرے۔
پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی نے جواب میں موقف اپنایا کہ شہری داؤد پارکنگ میں کھڑی گاڑی کو بار بار ٹکر مار رہا تھا، گاڑی کے ڈرائیور کی جان بچانے کی کوشش کی، شہری داؤد نے غلیظ زبان استعمال کی جو ناقابلِ برداشت تھی، خدشہ تھا داؤد مجھے نقصان نہ پہنچا دے، اپنے دفاع میں شہری پر ہاتھ اٹھایا۔
عمران شاہ نے کہا ہے کہ انہوں نے داؤد چوہان سے معافی مانگنا اخلاقی ذمہ داری سمجھا جبکہ مذکورہ شہری نے بھی معذرت قبول کرتے ہوئے معاملہ رفع دفع کر دیا۔
رکن سندھ اسمبلی کے مطابق واقعہ کی ویڈیو میں سارا فوکس ان پر ہی تھا، ویڈیو میں داؤد چوہان کا ردعمل نہ فلمایا گیا اور نہ ہی دکھایا گیا۔ واقعہ پر ردعمل غیر ارادی اور بدنیتی پر مبنی نہیں تھا، فریقین میں صلح صفائی کے بعد چودہ اگست کو معاملہ ختم ہو چکا، عدالت معافی قبول کرتے ہوئے کیس سے باعزت بری کرے۔