عمران خان کو وزیراعظم منتخب ہونے پر چین، ترکی اور امریکہ کی مبارک باد

Last Updated On 19 August,2018 04:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) عمران خان کو وزیراعظم منتخب ہونے پر چین ترکی اور امریکا نے مبار کباد دی اورنیک خواہشات کے پیغامات بھیجے۔ ترکی اور امریکا نے امن اور ترقی کیلئے نئی حکومت کےساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔

پاکستان کا کپتان بننے پرعمران خان کےنام مبارک بادوں کا تانتا بندھ گیا۔ ترکی کے صدر طیب اردوان نے تہنیتی خط میں کہا کہ عمران خان کو وزیراعظم منتخب ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد، امید ہےآپ کے اقتدار میں پاکستان اور ترکی کے تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔

عمران خان کے وزیراعظم بننے پرامریکا نے بھی مبارک باد کا پیغام بھیج دیا۔ ترجمان امریکی وزارت خارجہ ہیتھر ناورٹ نے کہا کہ امریکا امن و ترقی کیلئے نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔

نئے پاکستان کی نوید سنتے ہی یواےای میں بھی خوشی کی لہردوڑگئی۔ متحدہ عرب امارت کے حکمران شیخ خلیفہ بن زیدالنہیان، وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المختوم اور ولی عہد شیخ محمد بن زیدالنہیان نے عمران خان کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارک باد کاپیغام بھیجاہے جبکہ چین کی حکومت کی جانب سے بھی نیک خواہشات کا پیغام بھیجا گیا ہے۔