امریکا کیساتھ اختلافات آسانی سے حل کر سکتے ہیں : ترکی

Last Updated On 17 August,2018 03:04 pm

انقرہ (نیٹ نیوز ) ترکی کے وزیر خارجہ مولود چاوش اوگلو کا کہنا ہے کہ اُن کا ملک امریکا کے ساتھ تعلقات میں مسائل کا خواہش مند نہیں ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے باور کرایا کہ نیٹو اتحاد کے رکن دونوں ممالک اختلافات پر بآسانی قابو پاسکتے ہیں تاہم امریکا کی موجودہ روش کی روشنی میں یہ ممکن نہیں۔

انقرہ اور واشنگٹن کے بیچ شدید اختلاف نے جنم لیا جس میں دونوں ملکوں کی بعض درآمدات پر ٹیکسوں میں اضافے کا تبادلہ اور ترکی میں کرنسی کا بحران بھی شامل ہو گیا۔ دوسری جانب امریکی وزیر خزانہ اسٹیفن منوچن نے جمعرات کے روز دھمکی دی ہے کہ اگر ترکی نے امریکی پادری اینڈرو برینسن کو جلد رہا نہ کیا تو اُس پر مزید پابندیاں عائد کی جائیں گی۔

وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ "ہم نے اُن کی حکومت کے کئی وزراء پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ اگر اںہوں نے اُسے (پادری) کو جلد از جلد رہا نہ کیا تو ہم اضافی اقدامات کا ارادہ رکھتے ہیں"۔