اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ نے عمران خان سے خصوصی ملاقات میں انھیں انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی اور اپنی قیادت کا تہنیتی پیغام پہنچایا ہے۔
پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ نے عمران خان سے خصوصی ملاقات میں انھیں انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی، اپنی قیادت کا تہنیتی پیغام پہنچایا اور انڈین کرکٹرز کا دستخط شدہ بلا عمران خان کو تحفہ دیا۔
بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ عمران خان سے ملاقات کیلئے خصوصی طور پر ان کی رہائشگاہ گالہ پہنچے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں پاک بھارت تعلقات اور دیگر ایشوز پر بھی بات چیت کی گئی۔ اجے بساریہ نے کہا کہ انڈین وزیرِاعظم نریندر مودی کے عمران خان کو ٹیلی فون سے دو طرفہ تعلقات سے متعلق بھارت میں نئی امید جاگی ہے۔
اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔ انہوں نے بھارت کیساتھ تمام تصفیہ طلب تنازعات پر مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا۔ تاہم مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ امید ہے کہ سارک سربراہ اجلاس جلد اسلام آباد میں منعقد ہو گا۔
ملاقات پی ٹی آئی رہنماء شاہ محمود قریشی اور نعیم الحق بھی شریک تھے ملاقات میں بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ بھی موجود تھے۔
دوسری جانب عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے بھارت کے سابق کرکٹرز کپل دیو اور نوجوت سنگھ سدھو کو مدعو کر لیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے بتایا ہے کہ تقریب میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی بھی شریک ہوں گے۔