لاہور: (روزنامہ دنیا) ولید اقبال بھی ٹکٹ کے خواہشمند ہیں، ہمایوں اختر کی مالی حالت بہتر، عمران خان وعدہ بھی کر چکے، ٹکٹ ملنے کا امکان ہے۔
چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان نے اپنی نشست این اے 131 چھوڑنے کا باضابطہ اعلان نہیں کیا لیکن ہمایوں اختر نے پہلے ہی بطور امیدوار سٹیکرز چھپوا کر مہم شروع کر دی ہے۔
سٹیکرز پر حلقہ این اے 131 اور انتخابی نشان بلا کے ساتھ ہمایوں اختر کا نام تحریر ہے۔ این اے 131 میں ولید اقبال بھی ٹکٹ ملنے کے امیدوار ہیں تاہم عمران خان نے تاحال کسی کو این اے 131 کے ضمنی الیکشن کے لئے امیدوار نامزد نہیں کیا۔
ولید اقبال کا دعویٰ ہے کہ عمران خان نے انہیں اس حلقے کے لئے بطور امیدوار نامزد کرنے کا وعدہ کر رکھا ہے جبکہ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ہمایوں اختر نے تحریکِ انصاف میں شمولیت ہی عمران خان کے اس وعدے پر کی تھی کہ انہیں این اے 131 کے ضمنی الیکشن میں امیدوار نامزد کیا جائے گا۔
ہمایوں اختر نے عمران خان کی بھرپور انتخابی مہم اسی مقصد کے لئے چلائی تھی۔ ذرائع کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ ہمایوں احتر کی چونکہ مالی حالت نسبتاً زیادہ بہتر ہے اور ضمنی الیکشن میں بھرپور خرچہ کرنے کی پوزیشن میں ہیں، اس لئے ہمایوں اختر کو این اے 131 کے ضمنی الیکشن میں بطور امیدوار نامزد کئے جانے کا زیادہ امکان ہے۔