عمران خان 18 اگست کو وزیرِاعظم کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے

Last Updated On 11 August,2018 10:00 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو ہو گا، عمران خان 18 اگست کو وزیرِاعظم کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ خیبر پختونخوا اور سندھ اسمبلی کے اجلاس بھی 13 اگست کو طلب کر لئے گئے، پنجاب اور بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کب بلائیں جائیں گے، اس کا فیصلہ نہیں ہو سکا۔

صدرِ مملکت ممنون حسین نے قومی اسمبلی کا اجلاس پیر 13 اگست کو طلب کیا ہے۔ اجلاس چار روز تک جاری رہے گا، پہلے روز نومنتخب ارکان حلف اٹھائیں گے، 14 اگست کو سپیکر، ڈپٹی سپیکر کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جائیں گے، 15 اگست کو سپیکر، ڈپٹی سپیکر کیلئے انتخاب ہو گا۔

16 اگست کو وزیرِاعظم کیلئے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کا مرحلہ طے ہو گا۔ قائد ایوان کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے بجائے ارکان کی ڈویژن کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ 18 اگست کو عمران خان وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

سندھ میں بھی حکومت سازی کیلئے شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ سندھ اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو ہو گا جس میں نومنتخب ارکان اسمبلی حلف اٹھائیں گے، 15 اگست کو سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب کیا جائے گا۔ اسی روز قائدِ ایوان کے انتخاب کیلئے کاغذاتِ نامزدگی جمع ہوں گے، 16 اگست کو قائدِ ایوان کے کاغذات کی سکروٹنی ہوگی، 17 اگست کو قائدِ ایوان کا انتخاب ہو گا۔
وزیرِاعلی سندھ 17 اگست کی شام عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس بھی 13 اگست کو صبح دس بجے بلایا کیا گیا ہے۔ اجلاس میں 113 نومنتخب ارکان حلف اٹھائیں گے جس کے بعد سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کیلئے کاغذاتِ نامزدگی وصول اور جمع کئے جائیں گے۔ کاغذاتِ نامزدگی 14 اگست کو سہ پہر چار بجے تک جمع کرائے جا سکیں گے، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب 15 اگست کو خفیہ رائے دہی کے ذریعے ہو گا۔