جی ڈی اے کا سندھ میں پیپلز پارٹی کیخلاف مشترکہ اپوزیشن بنانے پر اتفاق

Last Updated On 09 August,2018 09:18 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ میں مضبوط اپوزیشن بنانے کی ڈور تیز ہو گئی، کراچی میں پی ٹی آئی کے وفد نے جی ڈی اے کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں سندھ کی ترقی میں اپنا کردار کرنا چاہتے ہیں، پیر پگارا نے بھی پی ٹی آئی کی متوقع حکومت کا ساتھ دینے کی یقین دہانی کروا دی۔

سندھ میں پیپلز پارٹی کو کیسے ٹف ٹائم دیا جائے اور مستقبل میں مل کر کام کرنے کی حکمت عملی کیا ہو گی؟ اس سلسلے میں شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین کی قیادت میں پی ٹی آئی کا وفد عمران خان کا خصوصی پیغام لے کر کنگری ہاؤس پہنچا۔

پی ٹی آئی کے وفد کی پیر پگارا اور جے ڈی اے کے رہنماؤں سے اہم ملاقات میں فیصلہ ہوا کہ وفاقی حکومت سندھ سے متعلق تمام فیصلوں میں جے ڈی اے کو اعتماد میں لے گی۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے پیر پگارا نے کہاکہ ہم ہر دکھ سکھ میں عمران خان اور پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پی ٹی آئی کے وائس چئیرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سندھ کی ترقی کے لئے سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔