اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصف نے وفاق میں حکومت سازی کے لئے قومی اسمبلی کے 180 ارکان کی حمایت کا دعویٰ کر دیا۔ فواد چوہدری کا کہنا ہے بی این پی (مینگل) کی حمایت کے بعد قومی اسمبلی میں نمبر 180 کو کراس کر گیا، 342 کے ایوان میں حتمی اکثریت کیلئے 172 ارکان کی حمایت درکار تھی۔
خیال رہے الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں جیتنے والے قومی وصوبائی اسمبلیوں کے 815 امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری کئے جبکہ تحریک انصاف کے نامزد وزیر اعظم عمران خان کے 2 حلقوں سمیت قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 26 نتائج روک لیے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے مجموعی طور پر 841 حلقوں پر انتخابات ہوئے جن میں سے 815 کا نوٹیفکیشن جاری کیا جا چکا ہے۔ عدالتوں اور الیکشن کمیشن میں زیر سماعت مقدمات کے باعث کچھ حلقوں میں نوٹی فکیشن روکے گئے ہیں جبکہ کچھ فیصلے سے مشروط کر دیئے گئے ہیں۔