راولپنڈی: (دنیا نیوز) شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کا حوصلہ بلند ہے، مذاکرات کا مطلب این آر او نہیں ہے، نہ کوئی این آر او دینا چاہتا ہے اور نہ ہی کوئی لینا چاہتا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف کا اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ میں قائد نواز شریف، مریم نواز، کیپٹن صفدر اور حنیف عباسی سے مل کر آیا ہوں، تمام کا حوصلہ بلند ہے۔ یقیناً نواز شریف کی جیل میں قید قوم کے لیے قربانی ہے، وہ لندن سے بیمار اہلیہ کو خدا حافظ کہہ کر صرف قوم کے لئے وطن واپس آئے۔ انہوں نے بتایا کہ نواز شریف نے پوری قوم کو مخلصانہ سلام اور دعا کی اپیل کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف پُرعزم اور حوصلہ مند ہیں، وہ ملک میں انتشار کی سیاست نہیں کرنا چاہتے، وہ مضبوطی کے ساتھ اپنے پاؤں پر کھڑے ہیں، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی ان کے ذہن میں ہمہ وقت موجود ہے۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے میاں شہباز شریف نے کہا کہ کیا دنیا میں مذاکرات کے علاوہ کوئی حل ہے؟ لیکن مذاکرات کا مطلب این آر او نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نہ کوئی این آر او چاہتا ہے، نہ کوئی دینا چاہتا ہے اور نہ ہی کوئی لینا چاہتا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اندر نہیں بلکہ بیرونِ ملک بھی دھاندلی کا شور ہے۔ کل اپوزیشن جماعتوں نے بھرپور احتجاج کیا، موسم کی خرابی کی وجہ سے فلائٹ کینسل ہو گئی جس کی وجہ سے میں شرکت نہیں کر سکا۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات میں بدترین دھاندلی کے خلاف پارلیمانی کمیشن بنانے کے مطالبے پر سب نے اتفاق کیا ہے۔ ووٹ کے ساتھ جو بے انصافی ہوئی ہے، اس پر آواز اٹھانا سب کا حق ہے، ہم اپنی آواز کو آئینی طریقے سے اٹھائیں گے اور قانونی طریقہ اپنائیں گئے۔
شہباز شریف نے کہا کہ لوگوں کو بھیڑ بکریوں کی طرح جہازوں میں بھر کر پیسوں کی بوریوں کا لالچ دے کر حکومت میں شامل ہونے پر مجبور کیا جا رہا ہے لیکن ہم اس طرح کے برے کام کر کے اپنا منہ کالا نہیں کرنا چاہتے اور تمام قانونی راستے اختیار کرتے ہوئے ووٹ کے تقدس کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔