اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے عمران خان کی جانب سے ووٹ کی رازداری ظاہر کرنے کا کیس آج سنا جائیگا۔ الیکشن کمیشن نے نوٹس جاری کرتے ہوئے عمران خان کو ذاتی حیثیت یا وکیل کوپیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
بدھ کو الیکشن کمیشن میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان پیش ہوئے اور الیکشن کمیشن سے استدعا کی کہ این اے 53 میں از خود نوٹس سے متعلق درخواست آج ہی سنی جائے، چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ کی ہی درخواست پر 16 اگست تاریخ مقرر کی تھی، آج نہیں سن سکتے اس کو کل پر رکھ لیں۔
خیال رہے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے ووٹ کی رازداری کی خلاف ورزی سے متعلق پولنگ سٹیشن کے پریذ ائیڈنگ آفیسر اور اسسٹنٹ پریذائیڈنگ آفیسر کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ میڈیا اور لوگوں کے باعث مجبوراً عمران خان کو سب کے سامنے مہر لگانا پڑی۔
پریذائیڈنگ افسران کی رپورٹ کے مطابق عمران خان ہجوم کے باعث (سکرین ) پردے کے پیچھے نہیں جاسکے۔ الیکشن کمیشن پریذائیڈ نگ افسران کی مذکورہ رپورٹ کاجائزہ لے گا۔ الیکشن کمیشن نے این اے 53 کے ڈھوک جیلانی کے پولنگ سٹیشن پر تعینات پریذائیڈنگ آفیسر اور اسسٹنٹ پریذ ائیڈنگ آفیسر سے ووٹ کی راز داری کی خلاف ورزی پر رپورٹ طلب کی تھی۔
پریذائیڈنگ آفیسر حاجی نور محمد نے الیکشن کمیشن کو بھجوائی گئی رپورٹ میں کہا ہے عمران خان ووٹ ڈالنے کیلئے پولنگ سٹیشن میں داخل ہوئے تو ان کے ہمراہ 150 سے زائد میڈیا اور دوسرے افراد بھی داخل ہوگئے۔ عمران خان نے ووٹ پر مہر لگانے کیلئے پردے کے پیچھے جانے کی متعدد مرتبہ کوشش کی مگر ہجوم کے باعث وہ نہیں جاسکے۔ عمران خان نے مذکورہ صورت حال میں کہا کہ میری وجہ سے پولنگ کاعمل رک گیا ہے اس لیے یہی پر کھڑے ہو کر مہر لگا دیتا ہوں۔